چهارشنبه 30/آوریل/2025

’برطانیہ فلسطینیوں کے خلاف اپنے استعماری ایجنڈے پر بدستور قائم ہے‘

اتوار 21-نومبر-2021

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سینیر رُکن حسام بدران نے برطانیہ کی طرف سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں حسام بدران نے کہا کہ برطانوی حکومت نے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ برطانیہ آج بھی عشروں پہلے کی استعماری پالیسی پرقائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرنا سنہ 1917ء میں جاری کردہ بدنام زمانہ اعلان بالفور کی کڑی ہے۔

حسام بدران نے کہا کہ برطانوی حکومت کا فیصلہ نہ صرف حماس کےخلاف ہے بلکہ یہ پوری فلسطینی قوم کے خلاف اور فلسطینی تحریک آزادی کے خلاف ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا اسرائیلی دہشت گردی  اور فلسطینیوں کےقتل کے جرائم کی حمایت اور دشمن کی معاونت کرنے کےمترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس اور برطانیہ کے درمیان کسی قسم کےتعلقات نہیں۔ خیال رہے کہ برطانوی حکومت نے دو روز قبل ایک متنازع فیصلے کے تحت حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا جس پر فلسطینی حلقوں کی طرف سے شدید مذمت اور قابض اسرائیل کی طرف سے تحسین کی گئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی