برطانیہ میں شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والے مانیٹر کے مطابق وسطی شام میں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ایک شامی فوجی اور تین ایران نواز جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل شام کی سرکاری نیوز ایجنسی SANA کے مطابق صوبے حمس کے شہر تدمر کے قریب حملے میں ایک فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔
شامی عرب نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے شب 11 بج کر 34 منٹ پر تدمر کے علاقے میں ایک کمیونیکیشن ٹاوراور دیگر املاک کو نشانہ بنانے کے لئے فضائی حملے کا نشانہ بنایا۔
برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق اس حملے میں شام میں موجود ایرانی املاک کو نشانہ بنایا گیا جن میں مواصلاتی ٹاور بھی شامل تھا۔
آبزرویٹری کےمطابق حملے میں ایک شامی فوجی اور تین ایران نواز جنگجو ہلاک ہوگئے تھے مگر ان جنگجوئوں کی قومیت کا فوری طور پر اندازہ نہیں ہوسکا۔اس کے علاوہ سات افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
اس سے قبل پچھلے ہفتے کے دوران بھی اسی فوجی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں دو ایران نواز غیر ملکی جنگجو ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
شام میں خانہ جنگی کے آغاز سے اسرائیل شام کے اندر گاہے بگاہے حملے کرتا رہتا ہے جس میں شامی فوج، ایرانی اورلبنانی حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اسرائیلی حکومت خال ہی ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے مگر اس نے باربار یہ اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کو شام میں قدم نہیں جمانے دے گی۔