قابض اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سینیر رہ نما الشیخ رزق الرجوب کی انتظامی قید میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی ہے۔
الشیخ رزق الرجوب غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے علاقے دورا سے تعلق رکھتے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 63 سالہ الرجوب کو اسرائیلی فوج نےکچھ عرصہ قبل ان کے آبائی علاقے دورا میں ان کے گھر سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیا تھا۔
گرفتاری کے بعد انہیں چھ ماہ کے لیے انتظامی قید میں ڈال دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ انتظامی قید ایک ایسی اسرائیلی پالیسی ہے جس کے تحت کی بھی فلسطینی کو بغیر کسی جرم یا الزام کے شبے میں گرفتار کرنے کے بعد غیرمعینہ مدت تک پابند سلاسل رکھا جاتا ہے۔
حماس کے بزرگ رہ نما الشیخ رزق رجوب اپنی زندگی کے 28 سال صہیونی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔ انہیں زیادہ تر انتظامی قید کے تحت قید کیا گیا۔ سنہ 2017ء میں شروع ہونے والی ان کی انتظامی قید 29 ماہ تک جاری رہی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید پانچ ہزار فلسطینیوں میں سے پانچ سو سے زاید فلسطینی انتظامی قید کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں۔