شام میں اسرائیل کی سرحد کے نزدیک واقع جنوب مغربی صوبہ القنیطرہ میں منگل کی شام دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا نے ان دھماکوں کی اطلاع دی ہے لیکن مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ لبنان کے شام نواز المیادین ٹیلی ویژن چینل نے اطلاع دی ہے کہ دروز آبادی کے قصبے حدر کے نزدیک اسرائیلی میزائل گرے ہیں۔یہ قصبہ اسرائیل کے زیرقبضہ شام کے علاقے گولان کی چوٹیوں کے نزدیک واقع ہے۔
لبنانی چینل نے بھی اسرائیل کے اس میزائل حملے کی مزید تفصیل نہیں بتائی ہے۔بعض اطلاعات کے مطابق القنیطرہ میں شامی صدربشارالاسد کی اتحادی ایران نواز ملیشیاؤں نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ ماضی میں بھی اسرائیلی فوج ان ایرانی ملیشیاؤں، حزب اللہ کے جنگجوؤں یا ایرانی کمانڈروں کواپنے حملوں میں نشانہ بنا چکی ہے۔