افریقی ملک الجزائرکا کہنا ہے کہ افریقی اتحاد میں اسرائیل کی شمولیت سے الجزائر کا فلسطین سے متعلق موقف تبدیل نہیں ہوگا۔ الجزائر کا کہنا ہے کہ افریقی یونین میں اسرائیل کی شمولیت کے بارے میں یونین کے تمام رکن ممالک سے مشورہ نہیں لیا گیا۔
الجزائری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی افریقی یونین میں شمولیت کا فیصلہ افریقی ہائی کمیشن کا فیصلہ نہیں۔ اس فیصلے سے الجزائر کی قضیہ فلسطین سے متعلق پالیسی اور موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو افریقی یونین میں شامل کرنے کا فیصلہ تمام رکن ممالک کی مشاورت سے نہیں کیا گیا۔ اسرائیل کو افریقی یونین میں شامل کرنےسے صہیونی ریاست کے ناپسندیدہ طرز عمل اور اس کی غیرقانونی سرگرمیوں پر خاموشی نہیں برتی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اس نے افریقی یونین میں مبصر رکن کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ افریقی یونین میں مبصر رکن کا درجہ حاصل کرنے کا مقصد اسرائیل کے سفارتی دائرے کو مزید وسعت دینا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ یایئرلبید نے ایک بیان میں کہا تھا کہ تل ابیب نے افریقا کے 46 ملکوں کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات قائم کرلیے ہیں۔