قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد سے دو مشتبہ دراندازوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پار کرکے اسرائیل میں داخل ہونے والے دو افراد کو تعاقب کے بعد پکڑ لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہےکہ دو مشتبہ افراد کو رات کے وقت سرحد کے قریب دیکھا گیا جہاں رات بھر ان پر نظر رکھی گئی۔ سرحد عبور کرکے اسرائیل داخل ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دراندازی کی کارروائی کے بعد دو سرحدی دیہات کے شہریوں کو خبر دار کیا گیا تھا کہ وہ گھروں کے اندر رہیں۔ اس کے بعد راستے سیل کردیئے گئے اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی۔ لبنان کی طرف سے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔