چهارشنبه 30/آوریل/2025

عالمی برادری اسرائیلی جرائم کی مذمت کرے:مہاتیر محمد

پیر 19-جولائی-2021

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی مذمت کی جائے۔

ملائیشن ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ فلسطینی قوم 73 سال سے ظلم کا شکار ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوجائے  اور اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے انسانیت کے خلاف جرائم پر مواخذہ نہ ہونے کے نتیجے میں صہیونی ریاست کے جرائم اور مظالم مزید بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی زندگی میں صہیونی ریاست کے نسل پرستانہ وژن کو زوال پذیر ہوتا دیکھ رہے ہیں۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغربی جمہوریت کے ماتھے  پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرنے کا مطالبہ کیا۔

سابق ملائیشن وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمیں فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تحریک کو متحرک کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مہاجرین کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کا حق حاصل ہے۔ اسرائیل نے طاقت کے ذریعے ان کے حق واپسی کو دبا رکھا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی