کل جمعرات کو اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے مراکش کے دورے کے دوران رباط میں مراکشی وزیراعظم سعد الدین عثمانی سے ملاقات کی۔
مراکشی وزیراعظم اور حماس کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معرکہ سیف القدس، قضیہ فلسطین اور فلسطینی قوم کی موجودہ صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مراکشی وزیراعظم عثمانی نے یقین دلایا کہ ان کا ملک غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے ہرممکن امداد فراہم کرنے کے ساتھ فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔
حماس کا وفد بدھ کی شام کو مراکش کے دورے پر رباط پہنچا تھا۔ قبل ازیں حماس کے وفد نے امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی، قاہرہ میں مصری انٹیلی جنس چیف سے بھی ملاقات کی تھی۔ قاہرہ کے بعد حماس کا وفد مراکش پہنچا ہے جب کہ آئندہ ہفتے حماس کی قیادت موریتانیہ کا دورہ کرے گی۔
حماس کی قیادت نے مراکش کے دورے کے دوران وزیراعظم سعدالدین عثمانی سے ملاقات میں انہیں فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ حماس کے وفد کا مراکش میں سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔ چند روزہ دورے کے دوران حماس کی قیادت مراکشی وزارت خارجہ کے عہدیداروں سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔