عرب لیگ کے زیرانتظام تعلیمی کونسل برائے فلسطین نے عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے کی گئی بمباری میں متاثر ہونے والے اسکولوں کوبحالی کے لیے فوری مدد فراہم کریں۔
خیال رہے کہ وسط مئی کو مسلسل گیارہ روز تک غزہ کی پٹی پر جاری رہنے والی اسرائیلی جارحیت کےنتیجے میں درجنوں فلسطینی طلبا شہید اور دسیوں اسکول تباہ یا جزوی طور پر متاثر ہوئے تھے۔
عرب لیگ کی تعلیمی کونسل برائے فلسطین کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ موجودہ کرونا کے خطرناک حالات اور غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں متاثرہونے والے اسکولوں کی بحالی کے لیے فوری طور پر مالی امداد فراہم کی جانی چاہیے تاکہ متاثرہ اسکولوں میں جلد از جلد تعلیمی اور تدریسی سرگرمیاں بحال ہوسکیں۔
کونسل نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے متاثرہ اسکولوں اور نفسیاتی طور پر متاثر ہونے والے طلبا کی بحالی کے لیے بھی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔