مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی انتہا پسندوں کی میرا تھن ریس اور سائیکل ریلی کے موقعے پر پرانے بیت المقدس کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
دوسری طرف اسرائیل کے انتہا پسند یہودی گروپوں نے آئندہ ہفتے عبرانی ریاست کی پرچم پردار ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ کرونا وبا کی وجہ سے یہ ریلی ایک ماہ کی تاخیر سے نکالی جارہی ہے۔
بیت المقدس کے مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ پرانے شہر میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کی دکانیں زبردستی بند کردا دیں اور یہودی آباد کاروں کو تحفظ فراہم کیا۔
یہودی انتہا پسند گروپوں نے آئندہ جمعرات کو مقبوضہ بیت المقدس میں ’پرچم بردار ریلی‘ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار’یسرائیل ھیوم‘ کی رپورٹ کے مطابق اس بار ریلی کا راستہ تبدیل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جس راستے سے یہ ریلی نکالی جاتی تھی وہاں پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹ گرے تھے۔