فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی کے وسط میں غزہ کی پٹی میں صہیونی ریاست کی وحشیانہ بمباری کے دوران 385 مریضوں کی سرجری کی گئی جن میں 240 غزہ جنگ کے زخمی شامل تھے۔
غزہ میں اسپتالوں کی جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ غزہ کے مختلف اسپتالوں میں 10 مئی سے 21 مئی کے دوران مجموعی طور پر 385 مریضوں کے آپریشنز کیے گئے۔ ان میں الشفا میڈیکل کمپلیکس میں 130، انڈونیشی اسپتال میں 55 اور باقی کیسز غزہ کے دوسرے اسپتالوں میں انجام دیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں قابض دشمن کی طرف سے کسی بھی ممکنہ جارحیت سے قبل ہی تمام شبعوں کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اسرائیلی بمباری کے دوران غزہ کے تمام اسپتالوں کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھا گیا۔
خیال رہے کہ مئی کے دوران قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر مسلسل گیارہ روز وحشیانہ بمباری جاری رکھی جس کے نتیجے میں اڑھائی سو سے زاید فلسطینی شہید اور ڈیڑھ ہزار سے زاید زخمی ہوگئےتھے۔