اسرائیل نے تل ابیب پرغزہ کی پٹی سے حماس کے راکٹ حملوں کے بعد بن گورین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک معطل کر دی ہے۔
اسرائیل کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عفرلیفلر نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’’شدید راکٹ باری کے بعد ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔‘‘
حماس اور دوسری فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کی مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجدِ اقصیٰ میں عبادت گزاروں کے خلاف گذشتہ کئی روز سے جاری تشدد آمیز کارروائیوں اور غزہ میں فضائی حملوں کے ردعمل میں اسرائیلی علاقوں پر سیکڑوں راکٹ برسائے ہیں۔
اس راکٹ باری کے جواب میں اسرائیلی فوج نے غزہ پرسیکڑوں فضائی حملوں کیے ہیں۔ ان میں فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد43 ہوگئی ہے جبکہ حماس اور دوسری فلسطینی تنظیموں کے راکٹ حملوں میں اسرائیل میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بدھ کو بھی غزہ شہر پرمتعدد فضائی حملے کیے ہیں اوران میں کثیرمنزلہ اپارٹمنٹ عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان عمارتوں میں فلسطینی مزاحمت کار روپوش تھے۔اسلامی جہاد نے اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں اپنے تین کمانڈروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔