اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی صحافی علام الریماوی نے انتظامی قید کی مدت تین ماہ سے کم کر کے ڈیڑھ ماہ کیےجانے پر قید کے خلاف شروع کی گئی بھوک ہڑتال معطل کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیرالریماوی نے چند روز قبل انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
علا الریماوی کے وکیل خالد زبارقہ نے بتایا کہ ان کے موکل نے 16 روز قبل شروع کی گئی بھوک ہڑتال معطل کردی ہے۔ زبارقہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے زبارقہ کو یقین دلایا گیا ہے کہ اسے آئندہ ماہ رہا کردیا جائے گا۔
رام اللہ میں اسیر صحافی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب میں زبارقہ نےکہا کہ الریماوی کو اس کی صحافتی خدمات کی پاداش میں حراست میں لیا گیا۔ انہوں نےالریماوی کی گرفتاری اور اسے دی گئی سزا کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے صحافتی حقوق پر کھلا حملہ قرار دیا۔
خیال رہے کہ صحافی علا الریماوی کو اسرائیلی فوج نے گذشتہ ماہ حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں تین ماہ کی انتظامی قید میں ڈال دیا تھا۔ دو ہفتے قبل الریماوی نے بلا جواز انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔