اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو آج جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے پہلے دورے پر ابو ظبی روانہ ہوں گے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق نیتن یاھو اپنے دورہ امارات کے دوران اماراتی ولی عہد الشیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم اس سے قبل متعدد بار امارات کا دورہ منسوخ کرچکے ہیں۔ دورے کی منسوخی کی وجہ کرونا کی وبا بتائی جاتی ہے۔
نیتن یاھو ایک ایسے وقت میں امارات کے دورے پر جا رہے ہیں جب دوسری طرف 12 دن بعد اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ یہ انتخابات آئندہ حکومت کے حوالے سے نیتن یاھو کے لیے فیصلہ کن ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے 15 ستمبر 2020ء کو امریکا میں امن معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد معیشت، تجارت، بنکنک، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، صحت اور دوسرے شعبوں میں تعاون کا اعلان کیا تھا۔