اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کا رواں ماہ طے شدہ دورہ کورونا وائرس کے پیش نظر سفری پابندیوں کی وجہ سے ملتوی کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نے ابوظبی اور مناما کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا جو گذشتہ سال ستمبر میں خلیجی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔
اسرائیل نے بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ستمبر میں سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ کئی ماہ سے اسرائیل کے نئے پارٹنر ممالک کا دورہ کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ یہ اسرائیل کے وزیراعظم کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا تاہم یہ دورہ ہر بار ملتوی ہو گیا۔
جمعرات کو نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’ابوظبی اور بحرین کے دورے کی اہمیت کے باوجود وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے سفری پابندیوں کے باعث یہ دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
اسرائیل نے کورونا وائرس کی نئی قسم کو روکنے کے لیے گذشتہ ماہ اپنے ایئرپورٹ کو فضائی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا تھا۔