فلسطینی پارلیمںٹ کے رکن ناصر عبدالجواد نے صدر محمود عباس کی جانب سے پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے ارادے بھی نیک ہونے چاہئیں۔
ایک بیان میں رکن پارلیمنٹ عبدالجواد نے کہا کہ فلسطینی قوم کئی سال سے انتخابات کے انعقاد کے لیے فیصلوں کا انتظار کررہی تھی مگر ایسے کسی بھی اعلان کے لیے جرات اور خلوص نیت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں انتخابات ضروری ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ حسن نیت بھی ضروری ہے۔
فلسطینی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ فلسطین میں انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے درمیان مصالحت اور مفاہمت ضروری ہے۔ فلسطینیوں میں مصالحت اور حقیقی مفاہمت فلسطینی قیادت میں ان کی نیک نیتی کا مظہر ثابت ہوگی۔
انہوںنے فلسطینی اتھارٹی سے غرب اردن میں شہری آزادیوں پر عاید قدغنیں ہٹانے اور تمام فلسطینی دھڑوں کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بنیادوں پر فلسطینیوںکی گرفتاریوں سے فلسطینی اتھارٹی کے سیاسی اور اظہار رائے کی آزادی کے دعووں پر سوال اٹھیں گے۔