فلسطینی اتھارٹی نےمسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی جانب سے تازہ کھدائیوں کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کھدائیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ کی طرف سے سوموار کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کھدائیاں مقدس مقام میں اسرائیل کی بے جا مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰکے اطراف میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں کا نوٹس لے اور مسجد اقصیٰ میں کھدائیاں رکوائے۔
فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میںجاری کیا گیا ہے کہ گذشتہ روز فلسطینی وزارت اوقاف نے انکشاف کیا تھا کہ اسے پتا چلا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی جنوب مغربی تاریخی دیوار سے متصل دیوار براق کے صحن میں تازہ کھدائیاں کی گئی ہیں۔ یہ کھدائیاں تاریخی مراکشی دروازے تک پہنچنے کے لیے بنائے گئے لکڑی کے پل کے پاس بنائی گئی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں کھدائیاں اسرائیلی ریاست کی جانب سے سلوان اور اطراف کے مقامات پر قبضے کے عزائم اور فلسطینیوںکو وہاں سے بے دخل کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔ ان کھدائیوں کو سلوان اور القدس میںدوسرے مقامات پر فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور ان کے گھروں کی منظم انداز میں مسماری کی مہم سے الگ نہیں رکھا جاسکتا۔
گذشتہ روز فلسطینی وزارت اوقاف نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل دیوار براق کے صحن میں توسیع پسندی کی خاطر کھدائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔