چهارشنبه 30/آوریل/2025

محمود عباس کا اسماعیل ھنیہ کو مکتوب، جلد انتخابات کرانے کی یقین دہانی

پیر 4-جنوری-2021

فلسطینی صدر محمود عباس نے اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کےسیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو ان کے مکتوب کا جواب دیتے ہوئے قومی مصالحت کے لیے حماس کی کاوشوں کی تحسین کی ہے۔ صدر عباس نےاپنے مکتوب میں جلد فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حماس کے ترجمان طاہر نونو نے ایک بیان میں‌کہا ہے کہ اسماعیل ھنیہ کو لکھے مکتوب میں صدر محمود عباس نے ان کی طرف سے گذشتہ دنوں لکھے مکتوب کا جواب دیا ہے۔ صدر عباس نے اپنے خط میں حماس کی طرف سے قومی وحدت، یکجہتی اور فلسطین میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانے کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔
قبل ازیں اسماعیل ھنیہ کی طرف سے لکھا گیا مکتوب تحریک فتح کے سیکرٹری جبریل الرجوب نے صدر عباس تک پہنچایا۔
طاہر نونو کا کہنا ہے کہ صدر عباس نے اسماعیل ھنیہ کے اس مکتوب کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے حماس کی طرف سے قومی مفاہمت، فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کے قیام کی خواہشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی جلد پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کا اعلان کرے گی۔
صدرعباس نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ وہ جلد فلسطین میں قومی مصالحت کا عمل آگے بڑھانے اور فلسطینی دھڑوں میں‌اتحاد کے لیے ماحول ساز گار بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

مختصر لنک:

کاپی