اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے زمینی اور فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی فوج غزہ کے معصوم شہریوں کو ہراساں اور خوف زدہ کرنے کے لیے دن رات بم باری کر رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر روزانہ کی بنیاد پر جاری بمباری قابض صہیونی دشمن کی جنگی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم پر صہیونی دشمن کی طرف سے مسلط کی گئی جارحیت فلسطینیوں کو آزادی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتی۔
حازم قاسم کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم دشمن کی جارحیت کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانوں پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد مراکز کو نقصان پہنچا ہے