چهارشنبه 30/آوریل/2025

محمود عباس کی نو منتخب امریکی صدر کو انتخابات میں‌کامیابی پر مبارک باد

پیر 9-نومبر-2020

فلسطینی صدرمحمود عباس نے امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کو مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کی انتظامیہ کے ساتھ فلسطین، امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور وقار حاصل کیا جاسکے۔

فلسطینی صدر نے اتوار کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ "وہ خطے اور پوری دنیا میں امن ، استحکام اور سلامتی کے حصول کے لیے بھی نئے منتخب امریکی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔”

جوزف بائیڈن قبل ازیں صدر منتخب ہونے کی صورت میں فلسطینیوں کی مالی امداد کی بحالی اور واشنگٹن میں تنظیمِ آزادیِ فلسطین (پی ایل او) کا دفتر دوبارہ کھولنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

ان کے ساتھ نائب صدر منتخب ہونے والی کمالا ہیرس نے گذشتہ ہفتے جریدے ’دا عرب امریکن‘ سے انٹرویو میں کہا تھا کہ’’ہم فلسطینی عوام کی اقتصادی اورانسانی امداد کی بحالی کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں گے۔غزہ میں جاری انسانی بحران کا حل نکالیں گے۔ مشرقی القدس (یروشلیم) میں امریکی قونصل خانہ دوبارہ کھولیں گے اور واشنگٹن میں پی ایل او کا مشن دوبارہ کھولنے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔‘‘

جوزف بائیڈن اب صدر منتخب ہونے کے بعد یہ اقدامات کرتے ہیں تو وہ اس طرح صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے اقدامات پر خطِ تنسیخ پھیر دیں گے۔ٹرمپ انتظامیہ کے تحت امریکی محکمہ خارجہ نے غربِ اردن اور غزہ کی پٹی میں آباد فلسطینیوں کی 20 کروڑ ڈالر کی سالانہ امداد بند کردی تھی اور مشرقی القدس میں رہنے والے فلسطینیوں کو الگ سے دی جانے والی ڈھائی کروڑ ڈالر کی امداد بھی روک لی تھی۔البتہ اس نے اس سال فلسطینی اتھارٹی کو کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے صرف پچاس لاکھ ڈالر کی مالی امداد دی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی