قابض صہیونی فوج نے زیرحراست ایک فلسطینی رہ نما نظمی ابو بکر کے گھر پر 24 گھنٹوں کے دوران دوسری بار چھاپہ مارا اور گھر میں موجود ان کے اہل خانہ کو زدو کوب کرنے کے ساتھ ساتھ گھر میں قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر رہ نما کے اہل خانہ نے بتایا کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں یعبد کے مقام پر واقع ان کے گھر پر صہیونی فوج نے دھاوا بولا۔ قابض فوج گھر کی دیواریں اور گیٹ پھلانگ کراندر داخل ہوئی اور آتے ہی ہرطرف توڑپھوڑ شروع کردی۔
نظمی ابو بکر کے خاندان کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے گذشتہ 21 اکتوبر ان کے گھر میں گھس کر ایک کمرے کو سیل کردیا تھا۔ کل دوبارہ قابض فوجی اس کمرے میں داخل ہوئے اور اس کی تلاشی لی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے اسیر نظمی ابو بکر کو چند ماہ قبل حراست میں لے لیا تھا۔ اس پر ایک اسرائیلی فوجی کے سر میں پتھر مار کر اسے جھنم واصل کرنے کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔