فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں ایک مسلح جھڑپ کے دوران تحریک فتح کے منحرف لیڈر محمد دحلان کا حامی ایک جنگجو ہلاک اور متعدد جنگجو اور عام شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں دو مسلح گروپوں میںتصادم جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ہوا۔ جھڑپ میں منحرف لیڈر محمد دحلان کا حامی حاتم ابو رزق شدید زخمی ہوگیا۔ اسے مقامی الرفیدیا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
نابلس گورنری کے حکام کے مطابق ابو رزق کی موت جھڑپ کے دوران اس وقت ہوئی جب اس نے ایک بم پھینکنے کی کوشش کی۔ بم اس کے اپنے ہاتھوں میں پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی ہے۔
خبر رساں دارے ‘صفا’ کے مطابق جمعہ کی شام بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں تحریک فتح کے منحرف گروپ محمد دحلان اور اس کے مخالفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی تھی۔