اسرائیل کے سیاسی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا ایک اعلیٰ اختیاراتی سرکاری وفد آئندہ ہفتے صہیونی ریاست کا دورہ کرے گا۔ وفد میں متحدہ امارات کے وزیر خزانہ، وزیر اقتصادیات اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدار شامل ہوں گے۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل الون اوشفیز نے بتایا کہ جلد ہی وہ بھی ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ امارات کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان حال ہی میں طے پائے امن معاہدے کو آگے بڑھانا ہے۔
دونوںملکوں کے درمیان سرکاری وفود ایک ایسے وقت میں ایک دوسرے کا دورہ کر رہے ہیں جب دوسری طرف امارات کا ایک کارگو بحری جہاز براہ راست دبئی کی جبل علی بندرگاہ سے شمالی فلسطین کی حیفا بندرگاہ پہنچا ہے۔
ریڈیو رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان ایک ہفتے کے اندر اندر سمندری آمد و رفت کھول دی جائے گی۔
اس کے علاوہ امارات کی بور سعید، ابو ظبی اور جبل علی بندرگاہوں سے اسرائیل کی اشدود بندرگاہ پرباقاعدگی سے بحری ٹریفک چلائی جائے گی۔