اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ خطے کے عرب ممالک اور اسرائیل مشترکہ مفادات کے تحت ایران کے خلاف متحد ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بینی گینٹزنے گذشتہ روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور دوسرے خلیجی ملکوں کے صحافیوں کے ساتھ ورچوئل گفتگو کی۔ ‘زوم’ پلیٹ فارم کے ذریعے ہونے والی بات چیت میں اسرائیلی وزیر نے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور اس کا جوہری پروگرام خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ عرب ممالک اور اسرائیل کا باہمی اتحاد ہمیں ایران اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف مضبوط بنائے گا۔
بینی گینٹز نے خلیجی ملکوں کے صحافیوں اسرائیل کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ ہم خلیجی ملکوں کے رہ نمائوں اور صحافیوں کا اپنے ملک میں خیر مقدم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل تنہا بھی ایران کے جوہری پروگرام سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے مگر بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کے بعد ہم سب مل کر ایران کو اس کے جوہری پروگرام سے روکیں گے۔