جمعه 15/نوامبر/2024

مصری فوج کے ہاتھوں دو ماہی گیروں کے قتل کی فلسطین میں شدید مذمت

پیر 28-ستمبر-2020

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز سمندر میں مچھلیوں‌کے شکار کے دوران دو مچھیروں کی مصری فوج کے فائرنگ سے ہلاکت پر فلسطینی قوتوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز مصری فوج کے حملے میں دو فلسطینی ماہی گیروں کی شہادت پر اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’، اسلامی جہاد، تحریک فتح، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین اور دوسری فلسطینی قوتوں کی طرف سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ فلسطینی جماعتوں کی طرف سے جاری ہونے والے الگ الگ بیانات میں مصری فوج اور حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ ماہی گیروں کےقتل کے واقعے فوری اور شفاف تحقیقات کرکے متاثرین کو انصاف فراہم کرے۔

حماس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں‌کہا گیا ہے کہ مصری فوج کے ہاتھوں رفح کے قریب سمندر میں دو فلسطینی حقیقی بھائیوں کا قتل  ناقابل معافی جرم ہے۔ مصری فوج اس واقعے کی فوری تحقیقات کرکے متاثرین کو انصاف دلائے۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز رفح کے قریب مصری فوج نے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے والے دو فلسطینی ماہی گیروں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ ان کی شناخت محمود اور حسن محمد الزعزوع کے ناموں سے کی گئی ہے  جب کہ ان کے ایک بھائی یاس کو مصری فوج زخمی حالت میں گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔

حماس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہےکہ مصری فوج کے وحشیانہ حملے کا کوئی جواز نہیں۔ معصوم فلسطینیوں کے قتل کی تحقیقات کی جائیں اور متاثرین کو انصاف دلایا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے عوام اس وقت ہرطرف سے ناکہ بندی میں جی رہے ہیں۔ مفلوک الحال شہری اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے مچھلیاں پکڑ کر گذر اوقات کرتے ہیں۔ ان کا مصر کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا کوئی پروگرام نہیں تھا اور نہ ہی وہ عسکری کارکن تھے۔

فلسطینی قوتوں‌کی طرف سے قائم کی گئی فالو اپ کمیٹی نے اس واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقا کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سمندر میں مچھلیاں پکڑنے پر مصری فوج کا ماہی گیروں‌پر گولیاں چلانا وحشیانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ اس واقعے نے مصری فوج کی فلسطینیوں کے بارے میں سوچ کے بارے میں منفی تاثر پیدا کیا ہے۔

بیان میں مصری عوام اور مصری میڈیا پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس واقعے کی شدید مذمت کریں اور متاثرہ فلسطینی خاندان کا ساتھ دیں۔

اسلامی جہاد اور تحریک فتح کی طرف سے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مصر سے فلسطینی ماہی گیروں کےقتل کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی