جمعه 15/نوامبر/2024

حماس اور فتح کے ٹی وی چینلوں نے مشترکہ نشریات شروع کردیں

ہفتہ 26-ستمبر-2020

ترکی کی میزبانی میں فلسطینی تنظیموں کے درمیان ہونے والے مصالحتی معاہدے کے اثرات فلسطین کے دوسرے اداروں میں بھی دکھائی دینے لگے ہیں۔ فلسطین کی دو بڑی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ اور تحریک فتح کے زیر انتظام چلنے والے ٹی وی چینلوں ‌نے بھی مشترکہ نشریات شروع کی ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک فتح کے ایک رہ نما منیر الجاغوب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں‌کہا کہ استنبول میں حماس اور فتح کے درمیان معاہدہ صلح کے بعد دونوں‌جماعتوں کے ترجمان ٹی وی چینلوں‌نے مشترکہ نشریات کا آغاز کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں حماس کے زیرانتظام چلنے والے الاقصیٰ چینل اور رام اللہ میں فتح کے ترجمان سمجھے جانے والے فلسطین ٹیلی ویژن نے جمعرات کی شام سے مشترکہ نشریات شروع کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی شام فلسطین ٹی وی اور الاقصیٰ ٹی وی چینلوں نے تحریک فتح‌کے رہ نما جبریل الرجوب کا انٹرویو نشرکیا گیا۔ یہ انٹرویو ایک ہی وقت میں دونوں چینلوں پر دکھایا گیا۔

فتح کے رہ نما کا کہنا تھا کہ ترکی کی میزبانی میں دونوں فلسطینی جماعتوں کے درمیان مصالحت کے حوالے سے ہونے والی مزید پیش رفت کو بھی الاقصیٰ چینل اور فلسطین ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس وقت حماس اور فتح کے اعلیٰ اختیاراتی وفد استنبول میں ہیں جہاں دونوں‌جماعتوں کے درمیان مصالحتی بات چیت جاری ہے۔ دونوں جماعتوں نے ترکی میزبانی میں چھ ماہ کے اندر اندرہ پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات پر اتفاق کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی