اردن نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے اسرائیل کو یک طرفہ اقدامات کا سلسلہ روکنا ہوگا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردن کے وزیر اعظم عمر الرزاز نے کہا کہ ہم اس وقت تک دیر پا اور منصفانہ امن کےقیام کی منزل حاصل نہیں کرسکتے جب تک ارض فلسطین پر اسرائیل کا غیرقانونی قبضہ ختم کرنا اور یک طرفہ اقدامات کا سلسلہ روکنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطینی اراضی پر اسرائیل کا غیرقانونی اور جابرانہ تسلط قائم رہتا ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو ممکن نہیں بنایا جاتا اور القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت نہیں بنایا جاتا اس وقت تک خطے میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کے حصول پر یقین رکھتے ہیں اور ان کا خطے میں امن کے حوالے سے موقف اصولی ہے۔ وہ فلسطینی قوم کے حقوق کی فراہمی کو خطے میں امن کا راستہ قرار دیتے ہیں۔
اردنی وزیراعظم نے کہا کہ اردن قضیہ فلسطین کے حوالے سے اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا۔ خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے اسرائیل کو امن کے حصول کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔