مقبوضہ بیت المقدس میں بین الاقوامی امن وانصاف کمیٹی کے چیئرمین اور سرکردہ عیسائی پادری مانویل مسلم نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے دروازے صرف صلاح الدین ایوبی جیسے ہیروز کے لیے کھولے جاسکتے ہیں، بنجمن نیتن یاھو جیسے مجرموں کےلیے نہیں۔
انہوں نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ مراسم قائم کرنے والے عرب حکمرانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خائن ہیں، اس لیے مسجد اقصیٰ کے قریب نہ آئیں ورنہ خیانت کرنےوالے حکمرانوں کے لیے مسجد اقصیٰ کے دروازے آگ اگلیں گے۔
مانویل مسلم کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کے درو دیوار بہ زبان حال یہ کہہ رہے ہیں کہ اگراسرائیل کے ساتھ دوستی کرنے والے یہاں آئے تو یہ دیواریں ان پر گر پڑیں گی۔
امریکا میں اسرائیل سے امن معاہدے کرنے والے عرب حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ القدس کی فضا سے مت گذریں کیونکہ القدس کی فضا اس وقت تمہاری خیانت کی وجہ سے جل رہی ہے۔
تم اپنے ملکوں کو دفع ہوجائو ہم اپنے معاملہ اللہ اور تمہاری اقوام پر چھوڑ دیں گے۔
خیال رہے کہ عمانویل مسلم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کل منگل کے روز وائٹ ہائوس میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے حکمرانوں نے اسرائیلی دشمن کے ساتھ طے پائے نام نہاد امن معاہدے پر دستخط کیے۔
اس تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے جب کہ دستخط کرنے والوں میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو، اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید اور بحرینی وزیر خارکہ عبداللطیف الزیانی نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق امارات اور بحرین کے ساتھ امن معاہدہ اسرائیلی کنیسٹ میں بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جلد ہی اس پر کنیسٹ میں رائے شماری ہوگی۔