اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ گذشتہ روز بیروت میں فلسطینی سفارت خانے کا دورہ کیا۔ سفارت خانے کے دورے کے موقعے پر اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفون پربات چیت بھی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیروت میں فلسطینی سفارت خانے کے دورے کے موقعے پر فلسطینی سفیر اشرف دبور اور تحریک فتح کے لبنان میں سیکرٹری فتحی ابو العرادات اور دوسرے رہ نمائوںنے حماس کے وفد کا استقبال کیا۔
سفارت خانے کے دورے کے دوران اسماعیل ھنیہ نے صدر محمود عباس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہ نمائوں نے فلسطینی قوتوں میں اتحاد اور قضیہ فلسطین کے خلاف ہونے والی علاقائی اور عالمی سازشوں کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہ نمائوںنے امریکی امن منصوبے سنچری ڈیل، فلسطینی علاقوں کے الحاق اور صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا۔