اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی فلسطینی قوم اور پوری مسلم امہ کے کندھوں پر قرض ہے۔ القدس ہی قابض صہیونی دشمن کے خلاف جاری جنگ کا عنوان ہے۔ انہوںنے القدس کی آزادی اور اس کے دفاع کے لیے مسلم امہ کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
بیروت میں القدس انٹرنیشنل کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ القدس میںموجود اسلامی اور مسیحی مقدسات کے حوالے سے ہم امت کے حق کا دفاع کریں گے۔ اس باب میں مسجد اقصیٰ سر فہرست ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسجد اقصیٰ پوری عرب اور مسلم امہ کا مرکز ہے۔ قابض صہیونی دشمن کو قبلہ اول کے کسی ایک حصے پربھی اپنا تسلط جمانے یا اجارہ داری قائم کرنے کا حق نہیں۔ مسجد اقصیٰ کی ایک ایک انچ ہماری اور مسلم امہ کی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے عالمی القدس فائونڈیشن کی القدس اور مسجد اقصیٰ کے لیے خدمات کو سراہا۔