عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے ممالک کے خلاف متحدہ محاذ کی تشکیل اور ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ کے سیکرٹری جنرل احمد فواد نے بیروت میں کل جماعتی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی قوم اپنے حامی ممالک پر مشتمل اتحاد بنائے اور اسرائیل کے ساتھ دوستی کرنےاور صہیونی ریاست سے تعلقات استوار کرنے والوں کا بائیکاٹ کیا جائے۔
انہوںنے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی طرف سے متحدہ قومی محاذ کی تشکیل کی دعوت کشیدگی اور مسائل کے حل کی طرف اہم پیش رفت ہے۔
احمد فواد کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات استوار کرنا عرب اور عالم اسلام کے متفقہ فیصلوں سے صریح انحراف ہے۔ انہوں نے چین اور روس پر مشتمل فلسطین کے حامی ممالک کا ایک بلاک قائم کرنے اور صہیونی ریاست اور اس کے حامیوں پر مشتمل اتحاد تشکیل دینے پر زور دیا۔