اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کی اطلاع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کو درپیش خطرات سے دفاع امریکا کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا متحدہ عرب امارات کو ایرانی خطرے سے بچائو کے لیے جدید دفاع آلات اور ہتھیار فراہم کرنے پر غور کررہا ہے۔
پومیو نے تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ ہم اسرائیل کے مفادات کے تحفظ کے لیے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور امارات کے درمیان 20 سال سے زاید عرصے سے دو طرفہ سلامتی کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔
اس موقعے پر نیتن یاہو نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے معاہدے میں اسرائیل کو اسلحے کے معاہدے کی کسی بھی طرح قبولیت شامل نہیں ہے۔
پومپیو اسرائیل کےدورے کے بعد بحرین پہنچے ہیں۔ اسرائیل کے دورے کےدوران انہوں نے اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز، وزیر خارجہ گیبی اشکنازی اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔
اخبار "معاریو” کے مطابق پومپیو نے نیتن یاہو کے ساتھ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے اور "اسرائیل” اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے پر بات کی۔