اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے استعفے کے مطالبے پرمبنی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں، تل ابیب او رقیساریہ میں ہزاروں افراد نے نیتن یاھو کے استعفے کے لیے جلوس نکالے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیتن یاھوکے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ نتین یاھو کی بد انتظامی، کرونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی اور کرپشن میںملوث ہونے کی وجہ سے احتجاج کررہےہیں۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں نیتن یاھو کی رہائش گاہ کے باہر ہونے والے مظاہرے میں بڑی تعداد میں یہودی آباد کاروں نے شرکت کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مظاہرین کی طرف سے پرتشدد حربے استعمال کرنے کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں حالیہ ایام میں نیتن یاھو کے خلاف ہونےوالے مظاہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا جس میں متعدد مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
عبرانی اخبار ‘ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاھو کے استعفے کے لیے ہونے والے مظاہروں میں القدس، تل ابیب سمیت 260 شہروں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے۔