اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے خبردار کیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی کرپشن کے مقدمات پر ان کے خلاف ہونے والا احتجاج خانہ جنگی کا موجب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے شدت پسندوں کی طرف سے نیتن یاھو کے استعفے کے لیے تحریک کو تشدد کی راہ پر نہیں موڑنا چاہیے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 13 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسٹر گینٹز نے کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے استعفے کے لیے ہونے والا احتجاج ملک میں خانہ جنگ بھی چھیڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں شدت پسند مذہبی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کیا گیا ہے۔
بینی گینٹز کے مطابق نیتن یاھو کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے تشدد کے راستے پر چل رہے ہیں۔ گذشتہ روز جو کچھ ہوا وہ خطرناک ہے اور اس کے نتیجے میں خانہ جنگی کا خطرہ موجود ہے۔