قابض اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے العیسویہ قصبے میں متعدد فلسطینی املاک کو مسمار کردیا ، جبکہ اسرائیلی آباد کاروں کے ایک گروپ نے منگل کی صبح اریحا کے قریب العوجا کے علاقے میں ایک فلسطینی شہری کی ملکیتی بھیڑوں کو زہر دے کر ہلاک کردیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ صہیونی فوجیوں نے علی الصبح العیسویہ پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کی ملکیتی متعدد زرعی املاک کو بغیر لائسنس کا بہانہ بنا کر مسمار کردیا۔
دریں اثناء العوجا میں ، اسرائیلی آباد کاروں کے ایک گروپ نے فلسطینی چراگاہوں کے کھیتوں میں انتہائی زہریلے کیمیکلوں کا چھڑکاؤ کیا ، جس میں کم از کم 40 بھیڑیں ہلاک ہوگئیں جبکہ دیگر کی حالت بھی خطرے میں ہے ۔
حملہ سے متاثرہ بھیڑوں کے مالک احمد الزواھرہ نے قریبی بستی کے آباد کاروں پر اپنے جانوروں کو زہر آلود کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ یہ حملہ اس علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔
مغربی کنارے میں آباد کاروں کے حملے معمول کی بات ہیں ، اور قابض اسرائیلی حکام کے ذریعہ ان کی تحقیقات شاذ و نادر ہی ہوتی ہیں جو عام طور پر قصورواروں کو انصاف دلانے میں ناکام ہوجاتے ہیں۔