چلی پارلیمنٹ نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خود مختاری کے قیام کے اعلان کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔ اس قرار داد میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کےقیام کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت (حماسٰ) نے چلی کی پارلیمنٹ کی قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق چلی کی پارلیمنٹ میں منظور کی جانے والی قرارداد میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
درایں اثنا حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری نے فلسطینی سرزمین پر صہیونی ریاست کی خود مختاری کی سزشوں کو مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے چلی کی پارلیمنٹ میں اسرائیلی توسیع پسندی کے خلاف قرارداد کی منظوری فلسطینی قوم کے دیرینہ اور اصولی موقف کی حمایت اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی سازشوں کی مذمت قابل تحسین ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور فلسطینی اراضی پرقبضے کی صہیونی سازشوں پر اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عاید کرے۔