اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلٰی سطحی وفد نے جمعرات کے روز قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ الشیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق حماس کی قیادت نے قطری وزیرخارجہ کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ اس موقعے پر فلسطینی دھڑوں میں اتحاد کے لیے ہونے والی کوششوں، فلسطین میں یہودی آباد کاری اور غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کی سازش، القدس اور مسجد اقصیٰ کو یہودیانے، غزہ کی ناکہ بندی اور یہودی آباد کاروں کی سرکاری سرپرستی میں فلسطینیوں کے خلاف روز مرہ کی بنیاد پر جاری دہشت گردی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں حماس کی قیادت نے فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے قطری حکومت اور عوام کی جانب سےفراہم کی جانے والی خدمات پر دوحا کا شکریہ ادا کیا اور قطر کےفلسطینی قوم کے حوالے سے جرات مندانہ موقف کی تحسین کی۔
اس موقعے پر قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ دوحا قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوحا فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کے لیے بھی کوششیں کرتا رہےگا۔
قطری وزیرخارجہ سے ملاقات کرنے والے وفد میں جماعت کےسیاسی شعبے کے ارکان ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، عزت الرشق اور ماھر عبید شامل تھے۔