اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر نے فوجی عدالت سالم میں زیرحراست ایک فلسطینی نظمی ابو بکر المعروف عصفور پر قتل عمد کے الزام میں فرد جرم پیش کی ہے جس کے بعد عدالت نے فرد جرم عاید کی ہے۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے نظمی ابو بکر پر 12مئی کو ایک اسرائیلی فوجی کو سنگ باری کرکے ہلاک کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ اسرائیلی پراسیکیوٹرنے نظمی ابو بکر پرعدالتی تحقیقات میں رخنہ اندازی کرنے کا بھی الزام عاید کیا ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیر ابو ب کر نے اپنے اوپر عاید تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ سالمی فوجی عدالت میں ذرائع ابلاغ کو بیان دیتے ہوئے ابو بکر نے کہاکہ اس پر ایک اسرائیلی فوجی پر سنگ باری کرنے اور اسے قتل کرنے کا بھونڈا الزام عاید کیا گیا ہے۔
نظمی ابو بکر کے وکلا دفاع نے فرد جرم پر غور کے لیے عدالت سے وقت مانگا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔