یورپی یونین کے ساتھ رکن ممالک نے سلامتی کونسل میں فلسطین اور مشرق وسطیٰ کے حوالے سے ہونےوالے ایک اجلاس میں اپنا متفقہ موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے اور وادی اردن پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل فلسطینی اراضی کے الحاق کے پروگرام پر قائم رہا تو صہیونی ریاست کےساتھ تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی ممالک کی طرف سے تیار کردہ مشترکہ بیان اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر نیکولا ڈور ریفیر نے پڑھ کرسنایا۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اور یورپی یونین کے رکن ممالک میں بیلجیم، فرانس،جرمنی، آئرلینڈ، ناروے اور برطانیہ نے اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے قیام کو تسلیم نہیں کریں گے۔
سلامتی کونسل کے رکن ممالک میں برطانیہ، فرانس، چین، روس اور امریکا کو مستقل ارکان کا درجہ حاصل ہے اوریہ ممالک مخالفت میں آنے والی کسی بھی قرارداد کو ویٹو کرسکتے ہیں۔ اس وقت سلاتمی کونسل کے غیر مستقل ارکان میں بیلجیم، استونیا، جرمنی، ڈومینکا، انڈونیشیا، نیجر، سانٹ وینسٹ،جزائر گرینایڈن، جنوبی افریقا، تیونس اور ویت نام شامل ہیں۔