اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اردن کی ایک اسٹیٹ سیکیورٹی عدالت میں سابق فلسطینی اسیر کے ٹرائل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ سابق فلسطینی اسیر کا اردنی عدالت میں دشمن کے خلاف مزاحمت کے الزام میں ٹرائل قابل مذمت اقدام ہے۔ حماس اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ دشمن کی قید میں رہنے والے ایک فلسطینی شہری کا اردنی عدالت میں ٹرائل ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔
حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اردن کی طرف سے فلسطینی قوم کی تحریک مزاحمت کی حمایت کے باوجود عمان کی عدالت میں ایک فلسطینی شہری کا ٹرائل افسوسناک ہے
خیال رہے کہ اردن کی ایک عدالت نے سابق فلسطینی اسیر ثائر اللوزی اور ان کے تین بیٹوں کے خلاف اسرائیل کے خلاف مزاحمت کے الزام میں مقدمہ کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اردنی عدالت کا موقف ہے کہ ثائر اللوزی اسرائیل کے خلاف مزاحمتی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
ثائر اللوزی اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔ رہائی کے بعد ان کی اردن واپسی پر ان کے خلاف مقدمہ کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔