قابض اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں الرام قصبے کے داخلی دروازے اور قلندیہ کراسنگ کے آس پاس فلسطینی تاجروں اور فٹ پاتھ پر چلنے والے ہاکروں کے ملکیتی تجارتی سامان کے سٹال اور املاک کو تباہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی بلڈوزروں نے قلندیہ قصبے کے داخلی دروازے کے قریب کے علاقے اور فوجی گزرگاہ کے قریب بغیر کسی نوٹس کے ہلہ بولا اور تجارتی سامان کے سٹآلز اور تجارتی املاک پر چڑھ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے دوکانداروں اور تاجروں پر حملہ کیا اور ان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا جس سے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں اور تاجروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اسی دوران، اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے صوبہ الخلیل میں فلسطینیوں کی رہائشی بستی ، مسافر یطا میں دو فلسطینی شہریوں کو ان کے مکانات مسمار کرنے کے فیصلے سے مطلع کیا۔
مقامی ذرائع نے مزید کہا کہ قابض صہیونی فوجیوں نے مسافر یطا کے مشرق میں بیرین کے علاقے میں دو گھروں کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کیے ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ گھر برقان خاندان سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں کے ہیں۔