فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی اونروا نے کرونا کی بحران کی وجہ سےفنڈز کی کمی کا بہانہ کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں 106 فلسطینی ملازمین برطرف کردیے۔
غزہ میں اونروا کے ترجمان عدنان ابو حسنہ نے بتایا کہ ایجنسی نے مالی وسائل اور فنڈز کی کمی کی وجہ سےغزہ میں ایک سو چھ ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ادارے کے جن ملازمین کو ملازمت سے سبکدوش کیا گیا ہے۔ گذشتہ برسوں ان کے کنٹریکٹ میں متعدد بار توسیع کی جاتی رہی ہے۔
قبل ازیں اونروا کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ریلیف ایجنسی کو وائل اور فنڈز کی قلت کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں ایجنسی فلسطینی ملازمین کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔گذشتہ برس دسمبر میں اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین اونروا نے غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے 70 ملازمین کو عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی اونروا فلسطین، اردن، لبنان اور شام میں 53 لاکھ سے زاید فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کرتی ہے۔