اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان سے بیس سال پیشتر اسرائیلی فوج کا انخلا شہدا کے خون اور اسیران کی تکالیف کا نتیجہ تھا۔ اسرائیلی فوج کا انخلا لبنانی مزاحمت کا ثمر ہے جس نے آخر کار صہیونی دشمن کو لبنان سے بھاگنے پرمجبور کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں لبنانی قوم کو اسرائیلی فوج کے انخلا کے بیس سال پورے ہونے پر حماس اور فلسطینی قوم کی طرف سے مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان سے انخلا لبنانی مجاھدین کے جہاد، مزاحمت اور حزب اللہ کی جرات مندانہ مزاحمت کا ثمر ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کا انخلا صہیونی ریاست کی عرب محاذوں پرشکست کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل جزیرہ نما سینا سے بھی قابض صہیونی فوج کو بھاگنا پڑا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بیس سال قبل صہیونی فوج کی جنوبی لبنان کے محاذ سے ذلت آمیز شکست اور پسپائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مزاحمتی پروگرام میں دشمن کو شکست سے دوچار کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔