فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سینٹ جون اسپتال گروپ برائے امراض چشم نے بصری مسائل سے دوچار 50 ہزار مریضوں کےعلاج کے لیے ایک رضاکارانہ مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کا مقصد کرونا کی وبا کے عرصے میں آنکھوں کے امراض سے دوچار ہونے والے افراد کے علاج میں ان کی مدد کرنا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سینٹ جون اسپتال کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں کے ایک گروپ نے امراض چشم کا شکار ہونے والے 50 ہزار مریضوں کے علاج میں مدد کے لیے ہنگامی سرجری اور طبی پروگرام تیار کیا ہے۔ یہ طبی امدادی پروگرام کرونا کی وبا کے دوران علاج سے محروم رہنے والے مریضوں کی بحالی کے لیے کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مہم کے تحت 50 ہزار سے زاید مریضوں کی مدد کرنا اور 3500 مریضوں کی آنکھوں کے آپریشن کرنا ہے۔ یہ پروگرام آئندہ چھ ماہ تک جاری رہے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر کی طرح کرونا کی وبا کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں بھی مریضوں کی بڑی تعداد اسپتالوں میں نہیں پہنچ پائی۔ اسپتالوں کے عملے کی کرونا کی ڈیوٹی پرمصروفیت کی وجہ سے آنکھوں کے امراض کا شکارہونے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا ہے۔