فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں گذشتہ روز فلسطینیوں کی سنگ باری کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کے بعد قابض فوج کی بھاری نفری نے پورے شہر کو چھائونی میں تبدیل کردیا ہے۔
منگل کےروز اسرائیلی فوج نے جنین شہر اور اس کے مضافات بالخصوص یعبد کے مقام پر فلسطینیوں کےگھروں میں گھس کر تلاشی، توڑپھوڑ اور لوٹ کا بازار گرم کیے رکھا۔
اسرائیلی فوج نے سڑکوں پر چلنے والےفلسطینیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور کئی فلسطینیوں کی نیم برہنہ تلاشی لی گئی۔ قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا اور گھروں میں گھس کر فلسطینی خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے یعبد کے مقام پر لگائے گئے کیمروں کی ریکارڈنگ بھی قبضے میں لے لیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز غرب اردن کے شہر جنین میں مشتعل فلسطینی ھجوم کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔