اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے کہا ہےکہ سعودی عرب کے’ایم بی سی’ ٹی وی چینل پر نشر کیے جانے والے صہیونی حمایت یافتہ ڈرامے شیطانی چال ہے جس کا مقصد صہیونی ریاست کوآئینی جواز فراہم کرنا اور عرب اور مسلمان عوام کے ذہنوں میں اسرائیل کی حمایت کے جذبات پیدا کرنا ہے۔ یہ نام نہاڈ ڈرامہ سیریز اپنے مذموم عزائم اور مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں کہا کہ جو مذموم مقصد اسرائیلی دشمن ٹینکوں، توپوں اور جنگی طیاروں سے حاصل نہیں کر پایا وہ عرب صہیونیت نوازوں کی ثقافتی چالوں سے بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہ سعودی ٹی وی چینل پر ‘ام ھارون’ اور ‘ایگزٹ 7’ نامی ڈرامہ سیریز کے ذریعے عرب ممالک کی رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ٹی وی چینلوں پر ان دنوں ماہ صیام کی مناسبت سے ایسے ڈرامے نشر کیے جا رہے ہیں جن میں رائے عامہ کو اسرائیل کی حمایت کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ام ھارون اور ایگزٹ ون ڈرامہ سیریز میں تاریخی اور زمینی حقائق کو مسخ کرکے اسرائیل کے ساتھ بقائے باہمی کے تحت چلنے پر زور دیا جا رہا ہے۔