ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبےکے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو بتایا ہے کہ انقرہ آئندہ ہفتے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی اور غرب اردن کے لیے طبی امداد اور ادویات بھیجے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی آئے فلسطینیوں کی بہ حفاظت واپسی کے انتظامات کیے جائیں گے۔
حماس کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے ترک صدر سے ٹیلیفون پر بات چیت میں انہیں رمضان المبارک کی مبارد پیش کی۔ دونوں رہ نمائوں نے کرونا کی وبا کے خاتمے، القدس کی آزادی اور مسجد اقصیٰ میں نماز کی بحالی کے لیے دعا کی۔
اس کےعلاوہ دونوں رہ نمائوں نے ٹیلیفون پر قضیہ فلسطین کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم پربھی تبادلہ خیال کیا۔
حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ نے ترک صدر کی طرف سے فلسطینی قوم کی کرونا وبا میں مدد اور قضیہ فلسطین کے حوالے سے ترکی کے جرات مندانہ اور اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
حماس رہ نما نے استنبول میں یورپ کا سب سے بڑا اسپتال قائم کرنے پربھی ترک صدر کومبارک باد پیش کی۔