فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے گئے مزید دو فلسطینیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد غزہ میں کل متاثرہ مریضوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 9 فلسطینی صحت یاب ہونے بعد گھروں کو جا چکے ہیں جب کہ 8 اس وقت زیرعلاج ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ غزہ میں ادویات کا ایک ٹرک پہنچا ہے مگر اس پرموجود ادویات کی مقدار ناکافی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کرونا کی بیماری کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی ہدایات پرعمل درآمد یقینی بنائیں۔
ادھر دوسری طرف فلسطینی محکمہ تعلیم نے غزہ کی پٹی میں تعلیمی سال کے مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت تعلیم کے سیکرٹری زیاد ثابت نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں تعلیمی بورڈ نے امتحانات کے80 فی صد نتائج مکمل کرلیے ہیں۔ جلد ہی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
ادھر غزہ میں فلسطینی حکومت نے جنگ کے نتیجے میں گھروں سے محروم ہونے والے 2000 فلسطینی خاندانوں کو امداد کی تیسری قسط جاری کی گئی ہے۔