فلسطینی اتھارٹی کےسربراہ محمود عباس نے کابینہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد اشتیہ کو کرونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں اور لاک ڈائون میں نرمی کی ہدایت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کابینہ کے اجلاس سےخطاب میں صدر عباس نے کہا کہ ہمارے سامنے دو راستے تھے۔ ایک یہ کہ ہم پابندیوں میں مزید سختی کرتے اور لوگوں کو وباء سے بچاتےیا ہم سب کچھ کھلا چھوڑ دیتے اور لوگوں کو ہلاکت میں ڈال دیتے۔ ہم اور تو سب کچھ کرسکتے تھے مگر اپنی قوم کو ہلاکت میں نہیں ڈال سکتے۔
صدر عباس نے کہا کہ میں نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ غزہ اورالقدس کے باشندوں کی ہرممکن مدد کی جائے۔
انہوں نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی تحسین کی اور کہا کہ ہمیں پورے منصوبے اور سوچ سمجھ کر لاک ڈائون میں نرمی کرنی چاہیے۔
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے امریکا اور اسرائیل کو فلسطینی علاقے اسرائیل میں ضم کرنے کی سازشوں پربھی متنبہ کیا اور کہا ہمارے ملک کا کوئی حصہ اسرائیل میں ضم کیا گیا تو اس کے خلاف قانونی اور عالمی محاذ پر آواز اٹھائی جائے گی۔