اسرائیلی صدر روف ریفلین کی طرف سے بلیو وائٹ پارٹی کےسربراہ بینی گینٹز کو حکومت کی تشکیل کے لیے دی گئی مہلت کل سوموار 13 اپریل کوختم ہو رہی ہے۔ اسرائیلی صدر نے ایک ماہ قبل بینی گینٹز کو ایک سال میں کنیسٹ کے تیسرے عام انتخابات کے بعد حکومت کی تشکیل کی دعوت دی تھی۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بینی گینٹز اب تک دی گئی مہلت کے دوران حکومت کی تشکیل میں کوئی پیش رفت نہیں کرسکے ہیں۔ ان کے پاس دو آپشن ہیں۔ یا تو وہ حکومت کی تشکیل کے لیے دی گئی مُہلت میں توسیع کی درخواست کریں گے یا موجودہ وزیراعظم بنجن نیتن یاھو کے لیے حکومت کی تشکیل کے لیے راستہ خالی چھوڑیں گے۔
عبرانی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق لیکوڈ پارٹی اور بینی گینٹز کی بلیو وائٹ پارٹی نے حکومت کی تشکیل کے لیے ایک بار پھر رابطے شروع کیے ہیں۔
ٹی وی چینل کی رپورٹ کےمطابق صدر روئف ریفلین بین گینٹز کو مزید مہلت دینے کو تیار نہیں۔ موجودہ صورت حال میں حکومت کی تشکیل کے لیے نقشہ بدل رہا ہے۔ بینی گینٹز اور نیتن یاھو مشترکہ حکومت کی تشکیل پر اتفاق کریں اور اختلافات بھلا کر سیاسی میدان میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔ دوسرا یہ کہ صدر بینی گینٹز کوحکومت کی تشکیل کے لیے مزید 14 دن کی مہلت دے سکتے ہیں۔